Monday, August 2, 2010

سندھ میں ڈیڑھ لاکھ لوگوں کے انخلا کا فیصلہ

سندھ میں نو لاکھ کیوسک پانی کے ریلے کی آمد کے خدشے کے پیش نظر صوبائی حکومت نے پانچ اضلاع سے ڈیڑھ لاکھ لوگوں کے انخلا کا فیصلہ کیا ہے، امکانی صورتحال سے نمٹنے کے لیے کئی شعبوں میں انتظامی ایمرجنسی کا نفاذ کر دی گئی ہے۔
انڈس ریور سسٹم اٹھارٹی یعنی ارسا نے سندھ حکومت کو آگاہ کیا ہے کہ تین سے چار اگست کو نو سے ساڑھ نو لاکھ کیوسک پانی کا ایک ریلہ سندھ میں داخل ہوگا۔
جس کے بعد حکومت نے دریائے سندھ کے ڈیڑھ سو کے قریب مقامات کو حساس قرار دیا ہے اور محکمہ آبپاشی، روینیو، پولیس، صحت، رلیف شہری دفاع، تعلیم، لائیو سٹاک کے ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔
صوبائی ڈزاسٹر مئنیجمنٹ اتھارٹی کے سربراہ محمد صالح فاروقی کا کہنا ہے کہ پانچ اضلاع کشمور، سکھر، شکارپور، خیرپور اور گھوٹکی کے کچے کے علاقے سے آبادی کا فوری انخلا کیا جائے گا۔ ان کے مطابق ان علاقوں میں ڈیڑھ سے دو لاکھ آبادی ہے جن کے لیے نوے سے زائد رلیف کیمپ قائم کردیے گئے ہیں۔
سندھ کے وزیر اعلیٰ سید قائم علی شاہ کا کہنا ہے کہ گزشتہ دس سالوں میں اتنی مقدار میں پانی نہیں آیا اس لیے کچے میں لوگوں نے گھر بنالیے ہیں ان کا خیال تھا کہ اب اتنا پانی نہیں آئے گا۔
انہوں نے تسلیم کیا کہ لوگوں کے انخلا کے انتظامات پہلے کرنے چاہیں تھے مگر اب جب پانی آ پہنچا تب یہ کارروائی کی جا رہی ہے۔
آب پاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ ماضی میں دریائے سندھ سے تیرھ لاکھ کیوسک تک پانی کا ریلا گذر چکا ہے مگر کئی سالوں سے مرمت نہ ہونے کی وجہ سے پانی دریا کے پشتوں پر دباؤ ڈال سکتا ہے۔