پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع میں بدھ کو دوسرے روز بھی موسلادھار بارش جاری ہے جس کی وجہ سے امدادی کاموں میں سخت مشکلات کا سامنا ہے۔
اطلاعات کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان، لکی مروت اور کلاچی میں پہلے سے تباہ شدہ درجنوں دیہات ایک بار پھر پانی میں ڈوب گئے ہیں۔
ڈیرہ اسماعیل خان میں حکام کا کہنا ہے کہ شہر اور فوجی چھاونی کو سیلابی ریلے سے بچا لیا ہے لیکن قریبی دیہاتوں میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔
حکام کے مطابق بدھ کی رات ٹانک اور کلاچی کی جانب سے آنے والا سیلابی ریلہ ایک درجن سے زیادہ دیہاتوں میں داخل ہوگیا ہے جس کی وجہ سے سینکڑوں افراد بے گھر ہوگئے ہیں۔